لیسکو کی جانب سے لاکھوں کمرشل و صنعتی صارفین کو بلوں کی مد میں دو ارب ساٹھ کروڑ روپے کا ریلیف دیدیا گیا
لاہور : وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر کمرشل و صنعتی صارفین کو لیسکو کی جانب سے لاکھوں کمرشل و صنعتی صارفین کو بلوں کی مد میں دو ارب ساٹھ کروڑ روپے کا ریلیف دیدیا گیا ہے۔ حکومت کی ہدایت پر کمرشل صارفین کو ایک لاکھ روپے جبکہ صنعتی صارفین کو تین لاکھ روپے کے بلوں تک ریلیف دیا گیا ہے۔

لیسکو نے کمرشل و صنعتی صارفین کو گزشتہ سال کے یونٹس کے مطابق ریلیف دیا ہے جبکہ کورونا وائرس سے گھریلو صارفین کو صرف اقساط کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔دوسری جانب لیسکو کےچیف ایگزیکٹو آفیسر مجاہد پرویز چٹھہ نے کہا ہے کہ لیسکو صارفین کو بجلی کی بلاتعطل اور محفوظ سپلائی کے لیے پرعزم ہے جبکہ ڈسٹری بیوشن سسٹم میں مزید بہتری لانا بھی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اس سلسلے میں ہرگز کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو مزید فروغ دیا جائے گا تاکہ مزید بہتر انداز میں کام کیا اور کاروباری برادری کے مسائل حل کیے جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کو جدت دینے کے لیے لیسکو کو سپورٹ کرے کیونکہ اس کے زیرانتظام شہروں میں بجلی کی طلب بڑھتی جارہی ہے، مستقبل قریب میں بجلی کی پیداوار کے چھوٹے بڑے منصوبوں کی تکمیل کے بعد قومی گرڈ سسٹم میں مزید بجلی کی آمد متوقع ہے جس کی ترسیل کے لیے بہترین ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم ضروری ہے۔